گل پلازے میں 1200 سے زائد دکانیں جل گئیں: وزیراعلیٰ سندھ کو رپورٹ پیش
کراچی: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو گل پلازہ میں آتشزدگی سے متعلق کمشنر کراچی اور ڈپٹی کمشنر ساؤتھ کی رپورٹ پیش کر دی گئی، 1200 سے زائد دکانیں جل گئیں۔
رپورٹ کے مطابق گل پلازہ میں آتشزدگی کا واقعہ رات 9:45 سے 10:15 بجے کے درمیان پیش آیا، گل پلازہ آتشزدگی کے نتیجے میں 1200 سے زائد دکانیں جل گئیں، فائر بریگیڈ کی کارروائی کے بعد آگ پر 60 سے 70 فیصد قابو پا لیا گیا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ حادثے میں 6 افراد جاں بحق جبکہ 22 افراد زخمی ہوئے، تمام زخمیوں کو سول ہسپتال کراچی کے برنس وارڈ منتقل کیا گیا، امدادی کارروائی میں 22 فائر بریگیڈ گاڑیاں، 10 واٹر باؤزرز اور 4 اسنارکل گاڑیاں شامل رہیں، ریسکیو 1122 آپریشن میں 33 ایمبولینسوں نے بھی حصہ لیا۔
وزیراعلیٰ سندھ کا گل پلازہ آتشزدگی میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار، جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار، سانحہ میں بھاری مالی نقصان پر بھی افسوس کا اظہار کیا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے آگ بجھانے کے دوران شہید ہونے والے فائر فائٹر فرقان علی کی قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور کہا کہ فائر فائٹرز نے اپنی جان خطرے میں ڈال کر شہریوں کی زندگیاں بچائیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ ریسکیو اور کولنگ کا عمل مکمل خاتمے تک جاری رکھا جائے، ضلعی انتظامیہ، پولیس اور ریسکیو ادارے آپریشن جاری رکھیں۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ مجھے جانی نقصان کا شدید دکھ ہے، انتظامیہ اور پولیس آگ کے مکمل خاتمے اور صورتحال کے معمول پر آنے تک کام کرتی رہے، واقعہ کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کی جائیں۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ آئندہ ایسے واقعات سے بچاؤ کے لیے حفاظتی اقدامات مزید مؤثر بنائے جائیں، عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام ادارے ہمیشہ الرٹ اور تیار رہیں، سندھ حکومت نے تاجر برادری کو نہ پہلے اکیلا چھوڑا ہے اور نہ اب چھوڑے گی۔