گُل پلازہ آتشزدگی: ایران، فرانس اور برطانیہ کا دکھ کا اظہار

کراچی: (ویب ڈیسک) کراچی کے مصروف تجارتی علاقے میں واقع گل پلازہ میں لگنے والی آتشزدگی پر ایران، فرانس اور برطانیہ کی جانب سے گہرے دکھ کا اظہار کیا گیا ہے۔

ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے گل پلازہ میں آتشزدگی کے المناک واقعے پر دکھ کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ کراچی سانحے میں کم از کم چودہ پاکستانی بہن بھائیوں کی قیمتی جانیں گئیں۔

انہوں نے کہا کہ میرے دلی خیالات اور دعائیں ان خاندانوں کے ساتھ ہیں جنہوں نے اس دلخراش سانحے میں اپنے پیاروں کو کھو دیا، میں تمام زخمیوں کی محفوظ اور جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ میں ان ریسکیو ٹیموں اور پولیس فورسز کی طاقت، کامیابی اور تحفظ کے لیے بھی دعا کرتا ہوں جو اس مشکل وقت میں اپنے فرائض حوصلے سے نبھا رہے ہیں۔

فرانسیسی سفارت خانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ فرانس کراچی میں ہونے والے المناک آتشزدگی کے واقعہ میں کئی قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتا ہے۔

فرانسیسی پیغام میں کہا گیا کہ ہم سوگوار خاندانوں سے دلی تعزیت کرتے ہیں اور اس دکھ کی گھڑی میں پاکستانی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔

پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے ایکس پر لکھا کہ کراچی کے گل پلازہ میں المناک آگ کے واقعے پر دل شکستہ ہوں، میرے خیالات ان لوگوں کے ساتھ ہیں جنہوں نے اپنے پیاروں کو کھودیا، زخمیوں اور اُن تمام افراد کے ساتھ ہیں جو ریسکیو ٹیموں کی جاری کوششوں کے دوران خبر کا انتظار کرتے رہے۔

گل پلازہ کے افسوسناک حادثہ میں اب تک 14 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جن میں ایک خاتون بھی شامل ہے جبکہ 73 افراد اب تک لاپتہ ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں