کراچی: رینجرز کی کارروائی، بھتہ خوری میں ملوث 4 ملزمان گرفتار

کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان رینجرز (سندھ) نے کراچی کے علاقے نیو کراچی میں کارروائی کرتے ہوئے بھتہ خوری میں ملوث 4 ملزمان کوگرفتار کر لیا۔

گرفتار ملزمان میں عبدالقادر بگٹی ولد اسرار احمد، معشوق علی ولد محمد صالح، غلام حسین ولد علی حسین سومرو اورعبدالحکیم ولد حامد بخش شامل ہیں۔

گرفتار ملزمان سے ایک عدد 12 بور بمعہ ایمونیشن، ایک عدد 9 ایم ایم پسٹل بمعہ ایمونیشن، ایک عدد کرولا کار، ایک عدد موٹر سائیکل، 3 عدد موبائلفونز اور نقدی بھی برآمد کرلی گئی ہے۔

حکام کے مطابق پاکستان رینجرز (سندھ) کو 20 جنوری 2026 کو رینجرز ہیلپ لائن 1101 پرایک نجی گارمنٹس فیکٹری کے مالک کی جانب سے شکایت موصول ہوئی کہ 4 مسلح افراد فیکٹری میں اسلحے کے زور پر داخل ہوئے ہیں اور 15 لاکھ روپے بھتہ طلب کر رہے ہیں۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پاکستان رینجرز (سندھ) نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے موقع پر پہنچ کر فیکٹری کو گھیرے میں لے لیا اور چاروں مسلح بھتہ خوروں کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان بھتہ خوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں تاہم ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں جبکہ گرفتار ملزمان کو بمعہ اسلحہ و ایمونیشن اور مسروقہ سامان مزید قانونی کاروائی کے لیئے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں