پنجاب کے ہر ضلع میں ٹیلی میڈیسن پروگرام شروع کرنے جارہے ہیں: وزیراعلیٰ پنجاب

جھنگ:(دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ ہر ضلع میں ٹیلی میڈیسن پروگرام شروع کرنے جارہے ہیں۔

پنجاب کے ضلع جھنگ کے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال میں امراض قلب لیبارٹری کےسنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ ایمرجنسی میں دل کے مریض کو دوسری جگہ منتقل کرنا مشکل ہوتا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ ڈی ایچ کیو جھنگ میں کیتھ لیب کا قیام خوش آئند ہے، عوام کوصحت کی بہترین سہولیات فراہم کرنا ترجیح ہے، پنجاب بھر میں 16 کیتھ لیب بن چکی ہیں، نوازشریف کینسر ہسپتال کی تکمیل آخری مراحل میں ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ دوسرےصوبوں کےلوگ بھی پنجاب کے ہسپتالوں سےمستفید ہو رہے ہیں، غربت اور وسائل کی کمی کی وجہ سے عوام علاج نہیں کرا سکتے تھے، چھ ماہ جھنگ ترقی یافتہ شہر کا منظر پیش کرے گا۔

مریم نواز نے کہا کہ خواہش ہے کہ پنجاب کے ہر ضلع میں دل کا ہسپتال ہو، پنجاب میں ایئرایمبولینس کے ذریعےسیکڑوں مریضوں کی جانیں بچائی گئیں، اعضا کی پیوند کاری کے حوالےسےمفت علاج کی سہولت فراہم کی جارہی ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ عوام کومفت ادویات کی فراہمی کےلیےاربوں روپےخرچ کیےجارہےہیں، دل کےمرض میں مبتلا ہزاروں بچوں کا مفت علاج کیا گیا، دوسرے صوبوں کے لوگ بھی پنجاب کے ہسپتالوں سے مستفید ہورہے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ جھنگ میں واسا کے قیام سے سیوریج میں بہتری آرہی ہے، صوبے بھر میں ستھرا پنجاب پروگرام کے ذریعے آپ  کے ضلع کی گلیاں اور محلے صاف ہو رہے ہیں۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ لاہور پاکستان کا پہلا میڈیکل ڈسٹرکٹ بن چکا ہے جہاں سب سے پہلے ٹیلی میڈیسن پروگرام شروع ہوا جسے ہم مزید وسعت دینے جا رہے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں