ملک بھر کے میدانی علاقوں میں بارش، پہاڑوں پر برفباری، لاہور میں بھی بادل برس پڑے
لاہور: (دنیا نیوز) ملک بھر کے میدانی علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری جاری ہے، پنجاب کے صوبائی دارالحکومت میں بھی بادل برس پڑے، ایبٹ روڈ، لکشمی، گوالمنڈی سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں بارش ہو گئی۔
شہر کا موسم ابرآلود ہے، تیز ہوائیں چل رہی ہیں، جوہرٹاؤن، جیل روڈ اور ملحقہ علاقوں میں ہلکی بارش، شادمان ،ایوان صنعت وتجارت روڈ ،قرطبہ چوک پر بھی بارش شروع ہوگئی، ٹاؤن شپ، باگڑیاں اور گرین ٹاؤن کے اطراف بھی بوندا باندی کا سلسلہ جاری ہے۔
شہر میں ہونے والی بارش سے بجلی کا ترسیلی نظام متاثر، بارش کے باعث لیسکو کے 150 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے۔
فیڈرز ٹرپ ہونے اور دیگر تکنیکی خرابیوں کے باعث متعدد علاقوں میں بجلی بند ہو گئی، بجلی کی بندش سے شہری پریشان ہیں، لیسکو انتظامیہ کی جانب سے تمام فیلڈ سٹاف کو ہائی الرٹ کر دیا گیا۔
دوسری جانب ترجمان سینٹرل ریجن سید عمران احمد کے مطابق لاہور اسلام آباد موٹروے ایم 2 کے مختلف مقامات پر بوندا باندی ہوئی، پنڈی بھٹیاں ملتان موٹروے ایم 4 کے مختلف حصوں میں ہلکی بوندا باندی ہوئی۔
ترجمان سینٹرل ریجن کے مطابق موٹروے ایم 5 ملتان تا رحیم یار خان متعدد مقامات پربارش کا سلسلہ جاری ہے، لاہور سیالکوٹ موٹروے ایم 11 پر بھی بارش جاری ہے
سید عمران خان کے مطابق سینٹرل زون قومی شاہراہ پر مانگا منڈی، پتوکی، اوکاڑہ میں ہلکی بارش ہوئی، میاں چنوں، خانیوال، بہاولپور، احمد پور شرقیہ اور رحیم یار خان میں بارش ہوئی۔
ترجمان سینٹرل ریجن نے کہا کہ ڈرائیور حضرات بارش میں گاڑی کی رفتار کم رکھیں اور مناسب فاصلہ برقرار رکھیں، بارش کے دوران لائٹس آن رکھیں، اچانک بریک لگانے سے گریز کریں، بارش میں گیلی سڑک پر محتاط ڈرائیونگ کریں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے متعدد علاقوں میں رات سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، زیارت، کان مہترزئی، مسلم باغ، توبہ کاکڑی اور توبہ اچکزئی میں بارش کے ساتھ برفباری بھی جاری ہے۔
بارش اور برفباری کے باعث کوئٹہ اور دیگر علاقوں میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے، برفباری سے درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے چلا گیا، منفی ایک سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، کوڑک ٹاپ اور خواجہ عمران میں منفی 3 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
این ایچ اے اور پی ڈی ایم اے کی جانب سے شمالی علاقوں میں ہائی ویز سے برف ہٹانے کا سلسلہ جاری ہے۔
آزاد کشمیر
آزاد جموں و کشمیر کے بیشتر علاقوں میں موسم ابر آلود ہوگیا، بلند و بالا پہاڑوں پر ہلکی برفباری شروع ہوگئی، جبکہ زیریں علاقوں میں سردی بڑھ گئی ہے۔
کراچی
شہر قائد کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس سے موسم خوشگوار ہو گیا، سرجانی ٹاؤن میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ صدر، گارڈن، گل پلازہ اور ماڑی پور میں بھی بارش ہوئی۔
اسی طرح نیا ناظم آباد، احسن آباد، گڈانی اور حب چوکی کے علاقوں میں بھی بارش ہوئی، گلشن معمار، ناگن چورنگی اور گلستانِ جوہر میں بھی بارش سے موسم میں خنکی بڑھ گئی۔
مزید علاقوں میں نارتھ ناظم آباد، نارتھ کراچی، بنارس، سائٹ ایریا، میٹروویل اور بلدیہ ٹاؤن سمیت اطراف کے علاقوں میں بھی بارش کی اطلاعات موصول ہوئیں۔
خیبرپختونخوا
پشاور میں موسم ابر آلود ہوگیا ہے جبکہ شہر اور گرد و نواح میں گہرے بادلوں سے بارش شروع ہوگئی، جس کے باعث موسم مزید سرد ہوگیا ہے۔
جنوبی وزیرستان اپر اور لوئر، شمالی وزیرستان کے مختلف علاقوں میں برف باری شروع ہوگئی، جنوبی وزیرستان اپر کے علاقوں لدھا، مکین شوال، بدر اور کاروان مانزہ میں برفباری جاری ہے۔
شمالی وزیرستان کے رزمک و دیگر پہاڑی علاقوں میں برفباری جاری ہے، پی ڈی ایم اے کے مطابق برفباری اور بارشوں کا یہ سپیل شدید سے شدید ترین ہو سکتا ہے، شہریوں کو حفاظتی اقدامات اختیار کرنے کی ہدایات کر دی گئیں۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں میں ہلکی بارش اور برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے جبکہ میدانی علاقوں میں بارش اور پہاڑی و بالائی علاقوں میں 23 جنوری تک برفباری کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق چترال بالائی و زیریں، دیر بالائی و زیریں، باجوڑ، ملاکنڈ، سوات اور بونیر میں اکثر مقامات پر بارش جبکہ پہاڑوں پر برفباری ہو سکتی ہے۔
اسی طرح شانگلہ، کوہستان بالائی و زیریں، کولئی پالس، بٹگرام، تورغر، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں بھی بارش اور بلند پہاڑوں پر برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔