قومی کرکٹرز کو لالچ لے ڈوبی، کروڑوں روپے کی جمع پونجی سے محروم
لاہور، اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان کے قومی کرکٹرز کو لالچ لے ڈوبی، جعلساز کروڑوں روپے کا چونا لگا گیا، موجودہ قومی کرکٹ ٹیم کے 8 کھلاڑی تقریباً 88 کروڑ روپے جبکہ ایک سابق کرکٹر لگ بھگ 90 کروڑ روپے سے محروم ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق یہ فراڈ ایک کاروباری شخصیت نے کیا، جو بھاری رقم ہڑپ کرنے کے بعد پاکستان سے فرار ہو گیا ہے، قومی کرکٹرز نے ایک سابق کپتان کو دیکھتے ہوئے مذکورہ کاروبار میں سرمایہ کاری کی جبکہ بعض کھلاڑیوں نے براہ راست بھی اس کاروباری شخص کے ساتھ پیسے انویسٹ کیے تھے۔
متاثرہ کھلاڑیوں میں سابق اور موجودہ کپتانوں کے نام بھی شامل ہیں جبکہ ایک مشہور کرکٹ ایجنٹ بھی اس مبینہ فراڈ میں رقم سے محروم ہونے والوں میں شامل ہے، فراڈ کے باعث کئی قومی کھلاڑی اپنی کروڑوں روپے کی جمع پونجی سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔
بتایا گیا ہے کہ ابتدا میں کرکٹرز کو غیر معمولی منافع بھی ملتا رہا تاہم بعد میں کاروباری شخص اچانک منظر سے غائب ہو گیا، کھلاڑیوں نے چند ہفتوں تک رابطے کی کوششیں کیں جن میں بعض کو جزوی طور پر رقم واپس بھی ملی مگر گزشتہ دو ماہ سے منافع کی ادائیگی بند ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مبینہ فراڈ کرنے والا شخص امریکا میں مقیم ہے اور اس کے کئی پاکستانی کرکٹرز سے ذاتی تعلقات تھے، متاثرہ کھلاڑیوں کا دعویٰ ہے کہ اس شخص کا فون بند ہے اور اس سے کسی قسم کا رابطہ ممکن نہیں ہو پا رہا۔
خیال رہے کہ مبینہ فراڈ کے باوجود کرکٹرز نے تاحال کسی پلیٹ فارم پر باضابطہ شکایت درج نہیں کرائی اور نہ ہی پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے اس معاملے پر پہلے رابطہ کیا گیا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے قومی کرکٹرز سے رابطہ کر کے فراڈ کے معاملے پر مکمل تعاون کی یقین دہانی کرا دی ہے، چیئرمین پی سی بی کے رابطے پر کھلاڑیوں نے اطمینان کا اظہار کیا ہے اور معاملہ جلد حل ہونے کے لیے پُرامید ہیں۔