پنجاب کے صوبائی دارالحکومت میں شیر کے حملے میں 8 سالہ بچہ زخمی

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب کے صوبائی دارالحکومت میں شیر کے حملے کا ایک اور واقعہ پیش آ گیا جس میں 8 سالہ بچہ زخمی ہوا ہے۔

پولیس کے مطابق لاہور کے علاقے سبزہ زار میں شیر کے حملے میں 8سالہ بچہ زخمی ہوا، واجد علی کھیلتے ہوئے شیروں کے قریب چلا گیا تھا، واقعہ نامناسب انتظامات اور مالکان کی غفلت کی وجہ سے پیش آیا۔

پولیس نے بتایا کہ بچے کو گنگا رام ہسپتال منتقل کر دیا ہے جبکہ فارم کے ملک عمر اقبال اور علی اقبال کو حراست میں لے لیا گیا۔

ڈی آئی جی آپریشنز کے ترجمان کے مطابق مالکان نے واقعے کو پولیس سے چھپانے کی کوشش کی، زخمی بچے کو ابتدا میں قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اس کے ساتھ آئے افراد نے ڈاکٹروں کو بتایا کہ بچے کا ہاتھ کسی مشین میں پھنس گیا تھا، تاہم بعد میں طبی عملے نے انکشاف کیا کہ زخم کسی جانور کے حملے کے باعث آئے تھے۔

ڈاکٹروں نے بچے کی جان بچانے کے لیے اس کا بازو کاٹنے کا فیصلہ کیا، آزاد ذرائع سے اطلاع ملنے پر ایس پی اقبال ٹاؤن کی سربراہی میں پولیس ٹیم ہسپتال پہنچی اور واقعے کی تحقیقات شروع کر دیں۔

یاد رہے کہ دو دن پہلے بھی شیر کے حملے میں ایک بچی زخمی ہوئی تھی جس پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے تقریباً 16 شیر پکڑ لیے تھے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں