لاہور کے ہوٹل میں آگ لگ گئی، ایک نوجوان جاں بحق، 5 افراد زخمی، 180 ریسکیو کر لیے گئے
لاہور: (دنیا نیوز) لاہور کے علاقے گلبرگ کے مقامی ہوٹل کی بیسمنٹ میں اچانک آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں ایک نوجوان جاں بحق ہو گیا، 5 افراد جھلس کر زخمی ہو گئے، 180 افراد کو ریسکیو کر لیا گیا۔
ریسکیو 1122 پنجاب کے ترجمان کے مطابق ریسکیو اہلکاروں نے ہوٹل سے نوجوان کی لاش نکال لی ہے، نوجوان کی شناخت عمران کے نام سے ہوئی، 275 کے قریب باقی سارا عملے اور مہمانوں کا ریسکیو انخلاء ہو چکا ہے۔
ترجمان ریسکیو نے بتایا کہ کمانڈ اینڈ کنٹرول سے فوری سرچ و ریسکیو ٹیموں نے آگ کی اطلاع پر امدادی عمل شروع کیا، ریسکیو 1122 کی 21 ایمرجنسی گاڑیاں آپریشن میں مصروف ہیں، آپریشن میں ریسکیو 1122 کے 80 اہلکار و افسران حصہ لے رہے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ہوٹل انتظامیہ کے مطابق سی سی ٹی وی آپریٹر شہریار اور ریاض لاپتہ ہیں، 19 منزلہ پلازہ ہے اور ایریا 4 کنال ہے، پلازہ کی 3 بیسمنٹ ہیں، شدید متاثر بیسمنٹ ون ہے، سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
اس سے پہلے چیف سیکرٹری پنجاب زاہد زمان نے جائے وقوعہ پر بتایا کہ آگ صرف ہوٹل کے بیسمنٹ میں لگی، جسے بجھانے کا کام جاری ہے، ہوٹل سے 180 لوگوں کو ریسکیو کیا گیا، اس وقت عمارت کے اندر کوئی بھی شخص موجود نہیں ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ آگ کی وجہ سے زخمی ہونے والے شخص کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا، بیسمنٹ کے اندر پانی وافر مقدار میں موجود ہے، آگ کو بہت جلد کنٹرول کر لیا جائے گا۔
علاوہ ازیں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ ریسکیو 1122 ٹیموں نے گلبرگ ہوٹل میں محصور تمام 180 افراد کو بحفاظت نکال لیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے حکم پر صوبائی وزیر، چیف سیکرٹری اور ڈی جی ایل ڈی اے اور ڈی سی لاہور موقع پر موجود ہیں، ہدایت کی گئی جب تک آپریشن مکمل نہ ہو، ایک ایک شخص بحفاظت نکل آ نہ آئے، پوری ٹیم ریسکیو آپریشن جاری رکھے۔