آزاد جموں و کشمیر کے بالائی علاقوں کی سڑکیں 3 روز بعد بھی دستور بند

مظفرآباد: (دنیا نیوز) آزاد جموں و کشمیر کے بالائی علاقوں کی شاہراہیں تین روز بعد بھی بدستور بند ہیں، جس کے باعث بالائی علاقوں میں نظام زندگی متاثر ہوگیا اور سردی کی شدت بھی بڑھ گئی۔

ایس ڈی ایم اے کے مطابق 7 اضلاع کی بند شاہراہوں کی بحالی کیلئے مشینری کام کر رہی ہے، مظفرآباد سے پیر چناسی شاہراہ زاہد چوک سے بند ہے، جبکہ ضلع نیلم شاہراہ دواریاں سے تاؤ بٹ شاہراہ کو بھی ٹریفک کیلئے بند کیا گیا ہے۔

نیلم ویلی کے بیشتر بالائی علاقوں کی رابطہ سڑکیں بھی برفباری سے بند ہیں، بند شاہراہوں کی بحالی کا کام جاری ہے، لیپہ ویلی شاہراہ بھی ریشیاں سے بند ہے، باغ سے جہلم ویلی کو ملانے والی شاہراہ سدھن گلی سے بدستور بند ہے، باغ سے محمود گلی اور لسڈنہ شاہراہ بھی بند کی گئی ہے۔

اس کے علاوہ پونچھ سے مظفرآباد، پونچھ سے باغ، راولاکوٹ سے تھوراڑ شاہراہ بھی برفباری سے بند ہے، راولاکوٹ سے ہجیرہ شاہراہ بھی ٹریفک کیلئے بند ہے، سدھنوتی اور حویلی کے بالائی علاقوں کی شاہراہیں بھی برفباری سے بند ہیں۔

ایس ڈی ایم اے کے مطابق حالیہ برفباری سے آزاد کشمیر کے 2 گھر مکمل جبکہ 4 کو جزوی نقصان پہنچا ہے، جہلم ویلی میں ایک دکان بھی لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے متاثر ہوئی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں