فیصل آباد: شیر کا وائلڈ لائف ٹیم پر حملہ، ایک اہلکار زخمی
فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد کے جڑانوالہ روڈ پر جلوی مارکیٹ میں شیر نے وائلڈ لائف ٹیم پر حملہ کر دیا، ایک اہلکار زخمی ہو گیا۔
بتایا گیا ہے کہ وائلڈ لائف ٹیم فیصل آباد میں جلوی مارکیٹ دربار میں شیروں کی موجودگی کی اطلاع پر پہنچی تو پنجرے میں بند شیر نے ایک اہلکار کو دبوچ لیا۔
وائلڈ لائف کی ٹیم شیروں کو پکڑے بغیر واپس روانہ ہو گئی جبکہ زخمی اہلکار کو تشویش ناک حالت میں سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
علاوہ ازیں لاہور میں ایک ہفتے کے دوران پالتو شیروں کے حملے سے دو بچوں کے زخمی ہونے کے افسوسناک واقعات کے بعد پنجاب بھر میں نجی تحویل میں شیر اور ٹائیگر رکھنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کر دیا گیا ہے۔
لاہور، ملتان، جہلم اور دیگر اضلاع میں کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 59 شیر اور ٹائیگر برآمد کر کے مالکان کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔
وائلڈلائف حکام کے مطابق نجی وائلڈلائف بریڈنگ فارمز کو شیر اور دیگر خطرناک جنگلی جانور رکھنے کے لیے محکمہ کے مقررہ معیار کے مطابق پنجرے اور رہائشی سہولیات بہتر بنانے کی مہلت دی گئی تھی، جو مکمل ہونے کے بعد صوبہ بھر میں کریک ڈاؤن شروع کیا گیا۔