کین رچرڈسن کا پروفیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان
سڈنی: (ویب ڈیسک) سابق آسٹریلوی فاسٹ بولر کین رچرڈسن نے پروفیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔
34 سالہ رچرڈسن نے بگ بیش لیگ سیزن کے اختتام پر انسٹاگرام پر کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا، کین رچرڈسن نے سڈنی سکسزرز کے ساتھ ایک سالہ معاہدہ کیا تھا، تاہم وہ اس سیزن میں صرف 2 میچز ہی کھیل سکے، وہ بگ بیش لیگ کے ابتدائی سیزن سے ہی اس ٹورنامنٹ کا حصہ رہے ۔
رچرڈسن نے اپنے بگ بیش کیریئر کا اختتام ٹورنامنٹ کی تاریخ میں پانچویں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر کے طور پر کیا، انہوں نے 142 وکٹیں حاصل کیں۔
اپنے بیان میں کین رچرڈسن نے کہا کہ میں بگ بیش لیگ کے اختتام پر پیشہ ورانہ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتا ہوں۔ 2009 میں ڈیبیو سے لے کر اب تک، مجھے لگتا ہے کہ میں نے اپنی تمام تر صلاحیتیں استعمال کر لی ہیں اور اب اس شاندار سفر کو ختم کرنے کا صحیح وقت ہے۔
واضح رہے کہ رچرڈسن نے آسٹریلیا کی نمائندگی کرتے ہوئے 25 ون ڈے اور 36 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے۔
وہ 2021 میں متحدہ عرب امارات میں ہونے والے آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتنے والی آسٹریلوی ٹیم کا حصہ تھے، جبکہ 2019 آئی سی سی مینز ون ڈے ورلڈ کپ میں بھی انہوں نے شرکت کی۔