وادی تیراہ میں نقل مکانی معمول، خیبر پختونخوا حکومت فوج پر ملبہ ڈالنا چاہتی ہے: وزیر دفاع
اسلام آباد:(دنیا نیوز) وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ وادی تیراہ میں نقل مکانی معمول کی بات ہے، خیبر پختونخوا حکومت فوج پر ملبہ ڈالنا چاہتی ہے۔
وفاقی دارالحکومت میں وفاقی وزیر عطا تارڑ اور اختیار ولی خان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ جرگہ کےبعد صوبائی حکومت کی طرف سےنوٹیفکیشن جاری کیا گیا۔
اُنہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے نقل مکانی کرنےوالوں کے لیے 4ارب روپے فنڈز رکھے ہیں، نقل مکانی کوبحران کی شکل دینےکی کوشش کی جارہی ہے، صوبائی حکومت اور جرگے کی مشاورت کے بعد نوٹیفکیشن جاری کیا گیا۔
وفاقی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ جرگےمیں طے پایا کہ علاقے میں سکول اور تھانےقائم کیے جائیں گے، یہ نقل مکانی معمول کی بات ہے،صوبائی حکومت کے مفادات ٹی ٹی پی کے ساتھ جڑے ہوئے ہیں۔
خواجہ آصف نے کہا کہ صوبائی حکومت کی پرفارمنس دیکھیں توعلاقے میں ہسپتال، سکول، تھانہ نہیں، خیبرپختونخوا حکومت اپنی ناکامیوں کا سارا ملبہ فوج پر ڈال رہی ہے، اِس سارے معاملےمیں فوج کا کوئی تعلق نہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ نقل مکانی ہرسال ہوتی ہےکوئی انوکھی چیزنہیں، خیبرپختونخوا حکومت عوام کی توقعات پرپورا نہیں اتررہی، صوبائی حکومت اپنی نااہلی کو چھپانے کے لیے مختلف ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے۔
وفاقی وزیر دفاع نے کہا کہ وادی تیراہ میں کئی سالوں سےآپریشن نہیں ہوا، انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن ہوتے رہتے ہیں، صوبائی حکومت اورمشران کے جرگے سے فوج کا کوئی تعلق نہیں۔