عوامی خدمت کے سفر کو مزید تیزی سے آگے بڑھائیں گے: مریم نواز
لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ عوامی خدمت کے سفر کو مزید تیزی سے آگے بڑھائیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے میانوالی کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کے وفد نے ملاقات کی، ملاقات کرنے والوں میں علی حیدر نور خان،عبید اللہ خان شادی خیل، امانت اللہ خان شادی خیل، عدیل عبد اللہ خان رخڑی، ملک فیروز جوئیہ اور ملک سجاد خان بھچڑ شامل تھے۔
دوران ملاقات ملکی سیاسی صورتحال، پنجاب میں جاری ترقیاتی پراجیکٹس اور امن وامان پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
ارکان قومی و صوبائی اسمبلی نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو اعزازیہ کارڈ برائے امام مسجد دینے پر خراج تحسین پیش کیا، وفد نے صوبے کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں مفت ادویات کی فراہمی کو سراہا۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ سرگودھا کارڈیالوجی سے ضلع میانوالی کے امراض قلب کے مریض بھی مستفید ہو سکیں گے، تاریخ میں پہلی بار پسماندہ اور چھوٹے اضلاع سے ہر بڑے پراجیکٹ کا آغاز کر رہے ہیں،عوامی خدمت کے سفر کو مزید تیزی سے آگے بڑھائیں گے، ستھرا پنجاب پروگرام کودنیا کاسب سے بڑا ویسٹ مینجمنٹ پروگرام بنا رہے ہیں۔
وفد نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو میانوالی میں پہلی پبلک ٹرانسپورٹ الیکٹروبس کے تحفہ پر اظہار تشکر کیا۔
اراکین اسمبلی کا کہنا تھا کہ میانوالی کے عوام کے لئے الیکٹروبس کسی معجزے سے کم نہیں، میانوالی میں بیوٹیفکیشن اور ستھرا پنجاب پراجیکٹ سے شہر کی خوبصورتی میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔