صدر پیوٹن سے شامی ہم منصب کی ملاقات، دوطرفہ تعلقات اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال
ماسکو: (شاہد گھمن) روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے شام کے صدر احمد الشرع سے ملاقات کی، جو روس کے کاروباری دورے پر آئے ہیں، ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ، اقتصادی تعاون اور مشرقِ وسطیٰ میں موجودہ صورتحال پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔
صدر پیوٹن نے کہا کہ پچھلی ملاقات کے بعد دونوں ممالک کے تعلقات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، خاص طور پر اقتصادی شعبے میں چار فیصد سے زائد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ روسی اور شامی ادارے مختلف شعبوں میں فعال تعاون جاری رکھیں، جن میں صنعت، تعمیرات، طبی اور کھیلوں کے شعبے شامل ہیں۔
پیوٹن نے شام کی سرحدی سالمیت کی بحالی کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ روس ہمیشہ اس عمل کی حمایت کرتا رہا ہے، انہوں نے شامی قیادت کو مبارکباد دی کہ علاقائی اتحاد کے اقدامات اس سمت میں مؤثر ثابت ہو رہے ہیں۔
صدر احمد الشرع نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ ان کا دوسرا دورہ روس ہے اور گزشتہ سال کے دوران شام نے سخت پابندیوں کے باوجود اہم پیش رفت کی ہے، انہوں نے روس کے کردار کو شام اور پورے خطے میں استحکام کے قیام میں اہم قرار دیا اور پوتن کے تعاون کو سراہا۔
ملاقات کا اختتام مثبت انداز میں ہوا، جس میں دونوں رہنماؤں نے مستقبل میں تعلقات اور تعاون کے مزید فروغ پر اتفاق کیا۔