ڈی جی آئی ایس پی آر کی گوادر یونیورسٹی میں معلوماتی نشست
راولپنڈی: (دنیا نیوز) ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری کی گوادر یونیورسٹی میں اساتذہ اور طلباء کیساتھ خصوصی نشست ہوئی جس میں حالات حاضرہ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کی یونیورسٹی آف گوادر آمد پر اساتذہ، فیکلٹی ممبران اور طلباء کی جانب سے شاندار استقبال کیا گیا جبکہ ڈی جی آئی ایس پی آر نے قومی اور علاقائی صورتحال کے حوالے سے طلباء اور اساتذہ کے ساتھ مفصل گفتگو بھی کی۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے سوشل میڈیا پر ریاست مخالف پروپیگنڈا کے حوالے سے طلباء کو مکمل آگاہی فراہم بھی کی۔
یونیورسٹی آف گوادر کے طلباء کا اس موقع پر کہنا تھا کہ پاک فوج نے ہمیشہ ریاست، آئین اور قومی وقار کا دفاع کیا ہے جبکہ ڈی جی آئی ایس پی آر کی گفتگو نے ہمارے ذہنوں میں موجود ابہام کو دور کیا۔
طلبا کا مزید کہنا تھا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر نے شواہد کے ساتھ مس انفارمیشن کا تدارک کیا ہے جس کے باعث ہماری ڈی جی آئی ایس پی آر کے ساتھ یہ ملاقات کافی معلوماتی رہی۔
طلباء نے ہر مشکل گھڑی میں قوم کے ساتھ کھڑے رہنے پر پاک فوج کے غیر متزلزل عزم کو خراجِ تحسین پیش کیا۔