بلوچستان کے دہشت گرد افغانستان اور بھارت کے ایجنٹ ہیں: خواجہ آصف
لاہور: (دنیا نیوز) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بلوچستان میں سرگرم دہشت گرد عناصر دراصل افغانستان اور بھارت کے ایجنٹ ہیں جو ریاست کو بلیک میل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ یہ عناصر دشمن ممالک کی پشت پناہی سے پاکستان پر حملے کر رہے ہیں تاہم بلوچستان میں دہشت گردی کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ دہائیوں کے دوران بلوچستان میں نمایاں ترقی ہوئی ہے، سڑکوں اور تعلیمی اداروں کی تعمیر عمل میں لائی گئی ہے جبکہ جمہوری کلچر بلوچ قوم کا بنیادی حق ہے، بلوچستان کے وسائل پر مکمل حق بلوچ عوام کا ہے اور اگر چند افراد ان وسائل سے فائدہ اٹھا رہے ہیں تو وفاقی حکومت عام لوگوں کے ساتھ کھڑی ہے۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ بلوچ عوام کی مدد سے پاکستان بھارت اور افغانستان کی پراکسی جارحیت کو ناکام بنائے گا، پوری دنیا جانتی ہے کہ بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو پاکستان کی تحویل میں ہے اور پاکستان میں دہشت گردانہ حملوں میں بھارت کے ملوث ہونے کے شواہد موجود ہیں، روایتی جنگ میں شکست کے بعد بھارت اب پراکسیز کے ذریعے پاکستان کے خلاف کارروائیاں کر رہا ہے۔
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ بعض بلوچ رہنما بیرون ملک، خصوصاً دہلی میں بیٹھ کر سیاست کرتے ہیں اور وہیں کے ہسپتالوں میں علاج کرواتے ہیں جبکہ اصل سیاست وہ ہے جو صوبے کے عوام کے درمیان کی جائے، جو رہنما عوامی سیاست کریں گے، وفاقی حکومت ان کے ساتھ کھڑی ہو گی۔