سٹاک ایکسچینج میں خریداری کا زور، انڈیکس 1900 پوائنٹس بلند

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان سٹاک ایکسچینج میں آج بھی خریداری کا زور برقرار رہا اور کاروبار کے نصف دن پر کے ایس ای 100 انڈیکس میں 1900 سے زائد پوائنٹس کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

مارکیٹ میں آٹوموبائل، سیمنٹ، کیمیکل، بینکنگ، فرٹیلائزر، فارماسیوٹیکل، ٹیکنالوجی اور آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے شعبوں میں بھرپور خریداری دیکھنے میں آئی، جس کے باعث مجموعی رجحان خاصا مثبت رہا۔

دوپہر 12 بجے کے ایس ای 100 انڈیکس 186,978.44 پوائنٹس پر ٹریڈ کرتا دکھائی دیا، جو گزشتہ کاروباری دن کے مقابلے میں تقریباً ایک فیصد اضافے کو ظاہر کرتا ہے۔

واضح رہے کہ پیر کے روز سٹاک مارکیٹ میں شدید اتار چڑھاؤ رہا تھا، تاہم دن کے اختتام پر انڈیکس 883 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 185,057 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔

دلچسپ امر یہ ہے کہ مارکیٹ نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور بھارت کے درمیان طے پانے والے تجارتی معاہدے پر کوئی منفی ردِعمل ظاہر نہیں کیا، حالانکہ اس معاہدے کے تحت بھارتی مصنوعات پر امریکی ٹیرف 50 فیصد سے کم ہو کر 18 فیصد کر دیا گیا ہے، جو پاکستان پر عائد 19 فیصد ٹیرف سے ایک فیصد کم ہے۔

ایشیائی اسٹاک مارکیٹس اور قیمتی دھاتوں کی قیمتوں میں تیزی آئی، جو گزشتہ روز کی شدید مندی کے بعد بحالی کی علامت ہے۔

جاپان کا نکی انڈیکس 2.5 فیصد جبکہ جنوبی کوریا کا کوسپی انڈیکس 4 فیصد بڑھ گیا۔

اسی طرح سونے کی قیمت ایشیائی کاروبار کے دوران 3 فیصد اضافے کے ساتھ 4,800 ڈالر فی اونس تک پہنچ گئی، جو پیر کی کم ترین سطح سے تقریباً 9 فیصد زیادہ ہے، جبکہ چاندی کی قیمت میں بھی نمایاں اضافہ دیکھا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں