اگر وزیراعلیٰ کا 9 مئی میں نام ہے تو حکومت ایکشن لے: گورنر خیبرپختونخوا

پشاور: (دنیا نیوز) گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے یومِ یکجہتی کشمیر ریلی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کا ہر شہری اپنے کشمیری بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑا ہے، معرکہ حق میں ہم نے ہندوستان کو چار دن میں شکست دی۔

خیبرپختونخوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل کیا جائے، کشمیریوں پر ناروا ظلم ہوتا ہے، ہندوستان کے پاس کچھ نہیں صرف کشمیریوں پر ظلم کر رہے ہیں، خیبر پختونخوا کا ہر بچہ کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبے اور وفاق کے درمیان دو اہم میٹنگز ہوئیں، کچھ برف پگھلی ہے، وزیراعظم اور وزیراعلیٰ کی میٹنگ امن خوشحالی کے لیے ہوگی، ایپکس کمیٹی کی اہم میٹنگ ہوئی ہے، خبریں آپ نے دینی ہیں وہاں کیا ہوا، آج انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ اس حوالے سے تصویر اور خبر جاری کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا المیہ یہ ہے کہ یہاں سزا جزا نہیں، اگر نو مئی میں وزیراعلیٰ کا نام ہے تو حکومت ایکشن لے، اگر ثبوت ہیں تو عدالتیں موجود ہیں، میں نہیں سمجھتا ہوں بچی نے جو سوال کیا وہ غلط ہے، اگر 13 سال کا بتا دیتے تو اچھا ہوتا کہ کیا کیا ہوا ہے۔

گورنر نے کہا کہ بسنت کی دعوت نہیں دی جاتی، لوگ خود میلے میں جاتے ہیں، 8 فروری کو پنجاب بسنت منا رہا ہے، اپنے صوبے میں کس کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں، ہمیں بھی بسنت کی طرح ایونٹس کرنے چاہئیں، قیدی کو نہ چھڑا سکیں تو دکانیں اور روڈ بند کرنے کا کیا فائدہ ہے۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ 28ویں ترمیم کوئی گولا نہیں جو گرے گا، جب ڈرافٹ بنے گا تو ترمیم ہوگی، عید کے بعد ایک میلہ کریں گے، اس سے اچھا پیغام جائے گا، میں نے پہلے کہا تھا صوبائی حکومت کہتی ہے دہشتگردوں سے بات کریں، میں کہتا ہوں حکومت والے اپنے ہیں ان سے بات کرتے، اچھا ہوا وزیراعظم سے ملاقات کی۔

انہوں نے کہا کہ وفاق تیراہ کے معاملے سے بری الذمہ نہیں، اس کی بھی ذمہ داری ہے، گندم کے حوالے سے مجھے نہیں پتا وزیراعلیٰ نے بات کی ہے یا نہیں، اگر بات نہیں کی تو میں آج خود وزیراعظم سے بات کروں گا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں