پاکستان میں پہلا روزہ کب ہوگا؟ فلکیاتی اعداد و شمار سامنے آگئے
اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان میں پہلا روزہ کب ہو گا، فلکیاتی اعداد و شمار سامنے آگئے۔
ماہرین فلکیات نے رمضان المبارک 1447 ہجری کے چاند کی رویت کے حوالے سے کہا ہے کہ رمضان کا چاند 18 فروری 2026 کی شام نظر آنے کا امکان ہے۔
فلکیات کے ماہرین نے کہا کہ 29 شعبان 1447 ہجری بروز بدھ چاند نظر آنے کے قوی امکانات ہیں اور یکم رمضان المبارک 19 فروری 2026 جمعرات کو متوقع ہے۔
فلکیاتی اعداد و شمار کے مطابق رمضان المبارک کے نئے چاند کی پیدائش 17 فروری کو شام 5 بج کر 1 منٹ پر ہوگی اور 18 فروری (29 شعبان) کی شام غروبِ آفتاب کے وقت چاند کی عمر 25 گھنٹے 48 منٹ سے زائد ہوگی۔
ساحلی علاقوں میں غروبِ آفتاب اور غروبِ ماہتاب کے درمیان تقریباً 59 منٹ کا فرق ہوگا، جس کی وجہ سے چاند آنکھ سے باآسانی دیکھا جا سکے گا۔
ملک کے بیشتر حصوں میں موسم صاف یا جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی توقع ہے، جو چاند کی رویت کے لیے سازگار حالات فراہم کرے گا۔