پاکستان ہاکی ٹیم کے دورہ آسٹریلیا سے متعلق تحقیقاتی رپورٹ سامنے آگئی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان ہاکی ٹیم کے دورہ آسٹریلیا سے متعلق پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی) انکوائری کمیٹی کی رپورٹ وزیراعظم آفس بھیج دی گئی۔

ذرائع کے مطابق پی ایس بی انکوائری کمیٹی کی رپورٹ میں پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کو قصور وار قرار دیا گیا ہے، آسٹریلیا میں رہائشی انتظامات میں مبینہ بدانتظامی سامنے آئی ہے، پاکستان ہاکی ٹیم کو 2 فروری کو لاہور سے روانہ ہونا تھا، 4فروری کو ہوبارٹ پہنچنا تھا۔

ذرائع کے مطابق پی ایچ ایف کی ویزا درخواستوں میں تاخیر اور غلطیوں سے شیڈول پرواز منسوخ کی گئی، نئےٹکٹس بنوانے پر2کروڑ 71 لاکھ روپےکا اضافی خرچ پی ایس بی نے برداشت کیا، ویزا پراسیس پر مزید 97 لاکھ روپےکا اضافی مالی بوجھ بھی پی ایس بی کو اٹھانا پڑا۔

ذرائع نے بتایا کہ ٹیم کی رہائش کے لیے 49 ہزار 280 آسٹریلوی ڈالرپاکستان ہاکی فیڈریشن کوپیشگی جاری کیےگئے، آسٹریلیا میں میں 12 ڈبل، 2 سنگل کمروں کی بکنگ کے لیے رقم فراہم کی گئی لیکن ٹیم کا ڈبل ٹری بائی ہلٹن ہوٹل میں قیام نہیں ہوا جس کےلیے پیشگی ادائیگی کی گئی تھی۔

ذرائع کے مطابق کھلاڑیوں کو یومیہ 115امریکی ڈالر فی کس الاؤنس بھی جاری کیا گیا، دیگر اخراجات کے لیےتقریباً 3ہزار امریکی ڈالر بھی فراہم کیےگئے، پاکستان ہاکی ٹیم 5 فروری کو روانہ ہوئی اور 7 فروری کو ہوبارٹ پہنچی، 6 سے 14 فروری کے دوران ٹیم کے لیے متبادل رہائش کا انتظام کیا گیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں