جسٹس غلام مصطفیٰ 5 سال کیلئے چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر مقرر
مظفرآباد: (محمد اسلم میر) حکومت آزاد جموں و کشمیر نے چیئرمین آزاد جموں و کشمیر کونسل اور وزیرِاعظم پاکستان میاں شہباز شریف کی منظوری کے بعد ریٹائرڈ چیف جسٹس غلام مصطفیٰ مغل کو پانچ سال کیلئے چیف الیکشن کمشنر مقرر کر دیا ہے۔
وزارت قانون و انصاف و پارلیمانی امور کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق تقرری صدر آزاد جموں و کشمیر کے حکم پر عمل میں لائی گئی، چیف الیکشن کمشنر کا عہدہ گزشتہ سال 13 جنوری سے خالی تھا، جب سابق چیف الیکشن کمشنر جسٹس عبدالرشید سلہریا کی مدت مکمل ہوئی تھی۔
جسٹس غلام مصطفیٰ مغل، جن کی عمر 70 برس سے زائد ہے، ماضی میں بھی یہ عہدہ سنبھال چکے ہیں، فروری 2016 میں بطور چیف جسٹس آزاد جموں و کشمیر ہائیکورٹ انہیں تین سالہ مدت کیلئے اضافی ذمہ داری کے طور پر چیف الیکشن کمشنر مقرر کیا گیا تھا، بعد ازاں 2017 میں وہ آزاد جموں و کشمیر سپریم کورٹ کے جج تعینات ہوئے اور دسمبر 2020 میں ریٹائر ہوئے۔
.jpg)
آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن چیف الیکشن کمشنر، سینئر ممبر اور ایک ممبر پر مشتمل ہوتا ہے، نئی تقرری کے باوجود سینئر ممبر الیکشن کمیشن کی نشست تاحال خالی ہے۔
ذرائع کے مطابق جسٹس (ر) مصطفیٰ مغل کو غیر متنازع شخصیت سمجھا جاتا ہے، انہیں جولائی میں ممکنہ انتخابات عوامی ایکشن کمیٹی کی موجودگی میں کرانا ایک اہم چیلنج ہوگا، جبکہ آئین کے مطابق یکم مارچ سے قبل نئے صدر آزاد جموں و کشمیر کا انتخاب کرانا بھی ان کی ذمہ داری ہوگی۔
آزاد جموں و کشمیر میں چیف الیکشن کمشنر کی مراعات ہائیکورٹ کے جج کے مساوی ہوتی ہیں۔