اے این ایف کی شیخوپورہ میں سالانہ تقریب، بھاری مقدار میں منشیات اور شراب تلف
شیخوپورہ: (ویب ڈیسک) اینٹی نارکوٹکس فورس کی جانب سے شیخوپورہ میں سالانہ منشیات تلفی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب کے دوران 18 ٹن سے زائد مختلف اقسام کی منشیات اور ایک لاکھ 69 ہزار لیٹر سے زائد شراب تلف کی گئی، منشیات میں شراب، چرس، ہیروئن، آئس، پوست اور بھنگ شامل تھی۔
ماحولیاتی آلودگی سے بچاؤ کو مدنظر رکھتے ہوئے منشیات کو جدید طریقے سے انڈسٹریل انسنریٹر میں نذر آتش کیا گیا۔
تقریب میں ریجنل ڈائریکٹراے این ایف پنجاب، ڈائریکٹر جنرل سی این ایف پنجاب، آر پی او شیخوپورہ، بشپ آف لاہور اور یونیورسٹی آف ساؤتھ ایشیا کے وائس چانسلر نے خصوصی شرکت کی۔
اینٹی نارکوٹکس فورس پنجاب نے رواں سال 590 منشیات اسمگلرز کو گرفتار کر کے 463 مقدمات درج کئے، رواں سال مختلف عدالتوں سے 35 خطرناک سمگلرز کو عمر قید اور 132 سمگلرز کو سخت سزائیں بھی دلوائیں گئیں۔
اے این ایف کی جانب سے کالجوں اور یونیورسٹیوں سمیت ہزار سے زائد تعلیمی اداروں میں منشیات کے خلاف آگاہی سیمینارز بھی منعقد کئے گئے۔