کچے کے مختلف علاقوں میں آپریشن، 17 ڈاکوؤں نے ہتھیار ڈال دیئے، ایک مغوی بازیاب

اوباڑو، روجھان، صادق آباد: (دنیا نیوز) کچے کے مختلف علاقوں میں پولیس اور رینجرز کے آپریشن کے دوران 17 ڈاکوؤں نے ہتھیار ڈال دیئے جبکہ ایک مغوی کو بازیاب کرا لیا گیا۔

رونتی کچے کے علاقے میں پولیس اور رینجرز کا مشترکہ آپریشن جاری ہے، جاری آپریشن کے دوران ایک اور مغوی کو بحفاظت بازیاب کرا لیا گیا، بازیاب ہونے والے مغوی کی شناخت صداقت علی شاہ کے نام سے ہوئی، جو ننکانہ شریف کے رہائشی ہیں۔

پولیس کے مطابق ڈاکو مغوی کی رہائی کے لیے ورثاء سے کروڑوں روپے تاوان طلب کر رہے تھے، پولیس نے رونتی کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کے مکمل خاتمے اور تمام مغویوں کی بازیابی تک آپریشن جاری رکھنے کا اعلان کر رکھا ہے۔

ڈی پی او رحیم یارخان عرفان سمو کے مطابق صادق آباد کے کچے کے علاقے میں کوش گینگ کے مزید 5 ڈاکوؤں نے سرنڈر کر دیا۔

عرفان سمو نے بتایا کہ سرنڈر کرنے والوں میں منور کوش، صوبیدار کوش، شملو کوش، محب کوش اور علی نواز کوش شامل ہیں، سرنڈر کرنے والوں کے ساتھ قانون کے مطابق سلوک کیا جا رہا ہے۔

روجھان کے کچے کے علاقے میں پنجاب پولیس کا دو ماہ سے گرینڈ آپریشن جاری ہے،آپریشن کے دوران کچے کریمنل کے ٹھکانوں پر جدید ٹیکنالوجی استعمال کرتے ہوئے گولہ باری جاری ہے۔

پولیس کی حکمت عملی کے تحت تنویر اندھڑ گینگ، بیکھرانی گینگ اور بنوں کے گینگ کے کارندوں سمیت مزید 12 اشتہاری ڈاکو سرنڈر کر گئے۔

سرنڈر ہونے والے ڈاکو اغوا برائے تاوان، قتل، ڈکیتی اور دیگر وارداتوں میں رحیم یار خان، راجن پور سمیت دیگر شہروں میں مطلوب تھے۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں