برطانیہ: ایک سال کے دوران مزید ہزاروں بچے بے گھر ہوگئے
لندن: (دنیا نیوز) برطانیہ میں ایک سال کے دوران سڑکوں پر سونے والے بے گھر بچوں کی تعداد میں کم از کم 7 ہزار سے زائد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق چیئریٹی سینٹر پوائنٹ کا کہنا ہے کہ یہ مسلسل تیسرا سال ہے جب نوجوانوں کی بڑی تعداد کے بے گھر ہونے کی شرح میں اضافہ ہو رہا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق اپریل 2024ء سے مارچ 2025ء کے درمیان 16 سے 24 سال کی عمر کے تقریباً 1 لاکھ 24 ہزار کے قریب بے گھر افراد کا ریکارڈ مرتب کیا گیا جو گزشتہ 12 ماہ کے مقابلے میں زائد ہے، گزشتہ ریکارڈ کے مطابق یہ تعداد 1 لاکھ 17 ہزار کے قریب تھی۔
برطانیہ میں چھوٹے بچوں کی بعض ایسی فیملیز کا بھی انکشاف ہوا ہے جنہیں کونسل کی جانب سے گھر دینے سے انکار کے بعد گاڑی میں سونا پڑ رہا ہے، 3 چھوٹے بچے کی ماں مشیل نامی ایک خاتون نے انکشاف کیا ہے کہ کونسل نے انہیں سرخ جھنڈی دکھائی جس کے بعد وہ گاڑی میں رات بسر کرنے پر مجبور ہیں جو نہ صرف خوفناک بلکہ شرمناک بھی ہے۔
رپورٹس کے مطابق شمالی آئرلینڈ میں بھی نوجوانوں کے بے گھر ہونے کی شرح میں اضافہ دیکھا گیا، ویلز میں 8 فیصد انگلینڈ میں 6 فیصد اضافہ دیکھا گیا، جبکہ سکاٹ لینڈ میں نوجوان بے گھر افراد کی تعداد 7,434 سے بڑھ کر 7,604 تک پہنچ گئی ہے۔