سندھ واحد صوبہ جہاں بلدیاتی انتخابات بروقت ہوتے ہیں: بلاول بھٹو

لاڑکانہ: (دنیا نیوز) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سندھ واحد صوبہ ہے جہاں بلدیاتی انتخابات بروقت ہوتے ہیں، اس واحد صوبہ ممیں بلدیاتی نظام چل رہا ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے میئر لاڑکانہ انور علی لوہر کی جانب سے دیئے گئے افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میئر لاڑکانہ کا شکرگزار ہوں جنہوں نے عوام سے ملنے ہا موقع دیا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ لاڑکانہ میں بلدیاتی نمائندوں نے بھرپور کردار ادا کیا ہے، اس بار سب سے نوجوان چیئرمین انور لوہر کو میئر بنایا جو بہت محنت کرتے ہیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ لاڑکانہ کا میئر ہونا بہت مشکل کام ہے، سندھ میں بلدیاتی نمائندوں کو بھرپور طاقت دی ہے، دیگر صوبے تو بلدیاتی نظام کے حوالے سے قانون تک نہیں بنا سکتے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ حکومت کی کردارکشی کے پیچھے وہی سوچ ہے جو کراچی کو الگ کرنا چاہتے ہیں، میرے نمائندے مرکز صوبے اور بلدیاتی نظام کی صورت میں عوام کی خدمت کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایسے عناصر ماضی میں بھی ناکام رہے ہیں اب بھی ناکام رہیں گے، لاڑکانہ کے بلدیاتی نمائندوں کو شاباش دیتا ہوں، پاکستان مسائل کا مقابلہ کر رہا ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ دہشت گردی کی لہر ملک میں چلتی آرہی ہے، افغانستان نے ہم پر حملہ کیا ہے جس کا بھرپور جواب ہماری بہادر فوج نے دیا ہے جنہیں سلام پیش کرتے ہیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ اس وقت سیاسی مقاصد سے بالاتر ہونا پڑے گا، جس انداز سے افغانستان اور بھارت سے حملے ہو رہے ہیں ہمیں ایک پیج پر اور یک زبان ہونے کی ضرورت ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں اپنے اختلافات بھلا کر ملکی سلامتی کے لئے متحد ہوں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں