امریکا نے ایران کو لوگوں کو بے جا حراست میں رکھنے والا ملک قرار دیدیا
واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکا نے ایران کو لوگوں کو بے جا حراست میں رکھنے والا ملک قرار دے دیا۔
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کہتے ہیں ایران غیر ملکی شہری حراست میں لینا بند کرے، امریکی شہریوں کو رہائی دے، ایران نے غیر ملکیوں کو حراست میں لینا بند نہ کیا تو اضافی اقدامات کریں گے۔
مارکوروبیو نے مزید کہا کہ امریکی شہری ایران نہ جائیں، جو ایران میں ہیں وہ فوری انخلا کریں۔
واضح رہے کہ اس سے پہلے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دو ٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایران جوہری ہتھیار نہیں رکھ سکتا، ایران سے متعلق حتمی فیصلہ نہیں کیا، مذاکرات کا اگلا دور اہم ہوگا، امید کرتے ہیں مزید مذاکرات ہوں گے، ایران کے ساتھ جوہری پروگرام سے متعلق معاہدہ کرنا چاہتے ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران مذاکرات میں وہ چیزیں نہیں دے رہا جس کا مطالبہ کر رہے ہیں، جس انداز سے ایران نے مذاکرات کئے ان سے خوش نہیں، ایران میں رجیم کی تبدیلی کیلئے فوج استعمال کرتے ہیں یا نہیں ابھی فیصلہ نہیں کیا۔
امریکی صدر کا مزید کہنا تھا کہ کچھ معاملات میں فوج کا استعمال ہوتا ہے اور کچھ میں نہیں۔