سعودی عرب سے آنے والے 4 مسافر بھکاری کراچی ایئرپورٹ پر گرفتار
کراچی: (دنیا نیوز) جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی پر ایف آئی اے کی کارروائی، سعودی عرب میں بھیک مانگنے میں ملوث پائے جانے والے 4 مسافر گرفتار کر لئے گئے۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق 4 مسافر رشید احمد، عنایت، انایتی اور حضور مائی جدہ، سعودی عرب سے پاکستان پہنچے، ان کا تعلق ملتان اور لاہور سے ہے۔
ایف آئی اے کے مطابق مسافروں کو مشکوک ہونے کی بنا پر روک کر تفصیلی پوچھ گچھ کی، عمرہ ویزا پر سعودی عرب گئے اور قیام کے دوران بھیک مانگنے کی غیر قانونی سرگرمی میں ملوث رہے۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق وہ متعدد بار سعودی عرب بھیک مانگنے کی غرض سے سفر کر چکے ہیں، تلاشی کے دوران ملزموں سے مختلف ممالک کی کرنسی برآمد ہوئی۔
ایف آئی اے کے مطابق برآمد شدہ کرنسی میں سعودی ریال، یو اے ای درہم، یورو اور پاکستانی روپے شامل ہیں، چاروں مسافروں کو حراست میں لے کر مزید قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔