نوجوان لڑکی باپ کو ڈبے میں ڈال کر کوریئر کرنے پہنچ گئی

بنگلورو: (ویب ڈیسک) بھارت میں ایسا عجیب وغریب واقعہ پیش آیا، جس نے دیکھنے والوں کو حیران کرنے کے ساتھ ان پر سکتہ طاری کر دیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بنگلورو میں ایک نوجوان لڑکی نے اپنے والد کو ایک بڑے ڈبے میں بند کر کے کوریئر آفس پہنچ گئی اور پارسل کو کوریئر کرنے کا کہا، تاہم ڈبے میں حرکت محسوس ہوتا دیکھ کر عملے کو شبہ ہوا اور جب انہوں نے اس کو کھولا تو اس میں سے ایک شخص زندہ باہر نکلا۔

اپنی زندگی میں پہلی بار اس نوعیت کا واقعہ دیکھنے والے لوگ ششدر رہ گئے، کوریئر عملے نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی، لیکن اس سے قبل وہ لوگ وہاں سے فرار ہوگئے۔

پولیس نے بعد میں انہیں پکڑ کر تفتیش کی تو معلوم ہوا کہ یہ سب ایک پرینک ویڈیو کے لئے کیا گیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ تہواروں کے دوران بس ٹکٹوں کی قیمتوں میں اضافے اور ٹکٹ نہ ملنے جیسے مسائل کو دکھانے کیلئے یہ ڈراما کیا گیا تھا، جس کے بعد پولیس نے انہیں وارننگ دے کر چھوڑ دیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں