غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد اور منافع کی ترسیل میں اضافہ
اسلام آباد: (دنیا نیوز) خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کی معاونت سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے ماحول میں بہتری اور سرمایہ کار اعتماد مستحکم ہو رہا ہے۔
مالی سال 2026 کے پہلے 8 ماہ میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کے منافع و ڈیویڈنڈ 1.73 ارب ڈالر ہوگئے، جو گزشتہ سال سے 10.52 فیصد زیادہ ہیں، فروری 2026 میں غیر ملکی کمپنیوں کی جانب سے 48.7 ملین ڈالر کی ادائیگیاں ریکارڈ ہوئیں، جو مستحکم کاروباری سرگرمیوں کی عکاس ہیں۔
پاور، مالیاتی، فوڈ، کمیونیکیشن اور ٹرانسپورٹ شعبوں میں بالترتیب 421.85، 374.09، 142.42، 132.3 اور 91.29 ملین ڈالر کی ادائیگیاں ریکارڈ ہوئیں۔
مشیر وزیر خزانہ خرم شہزاد کے مطابق انڈیپینڈنٹ سروے کے مطابق پاکستان میں کام کرنے والے بیرونی سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھا ہے، دو سال پہلے تقریباً 60 فیصد سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کو موزوں سمجھتے تھے، جو اب بڑھ کر 75 فیصد ہوگئے ہیں۔
سرمایہ کاروں کے مطابق ملک میں استحکام آ رہا ہے، حکومتی مشینری بہتر کام کر رہی ہے اور سکیورٹی ماحول بھی بہتر ہو رہا ہے۔