چین میں خاتون کو ڈرانے پر پولیس نے روبوٹ کو گرفتار کرلیا
بیجنگ: (ویب ڈیسک) ویسے تو روبوٹس انسانوں کے احکامات کی تعمیل کرتے ہیں اور کسی غلطی پر انہیں کچھ نہیں کہا جاتا مگر چین میں تو ایک روبوٹ کو تو پولیس نے گرفتار کرلیا۔
یہ انوکھا واقعہ گزشتہ دنوں مکاؤ شہر میں سامنے آیا جہاں ایک انسان نما روبوٹ کو چین میں ایک معمر خاتون کو ڈرانے پر پولیس نے حراست میں لیا۔
چند دن پہلے 4 فٹ 4 انچ لمبا یہ روبوٹ مکاؤ کی ایک سڑک پر موجود تھا جب اس کا سامنا 70 سالہ خاتون سے ہوا، وہاں موجود افراد نے اس واقعے کی ویڈیو بنائی کیونکہ خاتون نے روبوٹ پر چیخنا شروع کر دیا تھا۔
مقامی میڈیا کے مطابق خاتون چیخ کر کہہ رہی تھی کہ تم نے مجھے ڈرا دیا اور دل تیزی سے دھڑکنے لگا، کیوں مجھے ڈرا رہے ہو؟
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ یہ خاتون گلی میں فون کو دیکھتے ہوئے چل رہی تھیں جب انہیں احساس ہوا کہ کوئی ان کے پیچھے بہت زیادہ قریب موجود ہے۔
اس احساس سے گھبرانے کے بعد جب انہوں نے پلٹ کر دیکھا تو روبوٹ کو دریافت کیا، روبوٹ نے اپنے دونوں ہاتھوں کو اوپر کیا جیسے خاتون کو ڈانٹ رہا ہے، بعد ازاں 2 پولیس اہلکار وہاں پہنچے اور روبوٹ کو اپنے ساتھ لے گئے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ ویسے تو روبوٹ نے کوئی حملہ نہیں کیا مگر خاتون کو بعد ازاں اسپتال لے جاکر معائنہ کرایا گیا اور پھر گھر پہنچا دیا گیا۔
یہ روبوٹ مکاؤ کے ایک تعلیمی مرکز کا تھا جو اس علاقے میں پروموشنل سرگرمیوں مصروف تھا، اس روبوٹ کو ایک 50 سالہ فرد کہیں دور سے کنٹرول کررہا تھا اور اس فرد نے پولیس کو بتایا کہ وہ روبوٹ کے افعال کی آزمائش کر رہا تھا۔