صنعتی صارفین کیلئے نیا اختیاری ملٹی ٹیرف نظام متعارف کرانے پر غور
اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکومت کا صنعتی صارفین کی سہولت اور بجلی کے مؤثر استعمال کے لئے اہم اقدام سامنے آیا ہے۔
پاور ڈویژن صنعتی صارفین کیلئے نیا اختیاری ملٹی ٹیرف نظام متعارف کرانے پر غور کر رہا ہے، صنعتی صارفین کو ٹائم آف یوز کے تحت مختلف اوقات میں مختلف نرخوں کا اختیار ملے گا۔
ترجمان پاورڈویژن کے مطابق نئے اختیاری ملٹی ٹیرف نظام میں بجلی کے فکسڈ چارجز زیادہ سے زیادہ طلب کی بنیاد پر مقرر ہوں گے، صنعتوں کو آف پیک اوقات میں بجلی استعمال کرنے کی ترغیب دی جائے گی۔
پیک آورز میں ڈیمانڈ کم ہونے سے بجلی کے نظام پر دباؤ کم ہونے کا امکان ہے، سستی بجلی سے صنعتی پیداوار اور مسابقت بڑھنے کی توقع ہے۔
پاور ڈویژن نے مجوزہ ٹیرف پر سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کا بھی فیصلہ کیا ہے، اس سلسلے میں صنعتی صارفین اور چیمبرز آف کامرس سے مشاورت کی جائے گی، پہلی آن لائن مشاورتی کانفرنس کل (بروز جمعرات) 26 مارچ کو ہوگی۔
ترجمان پاور ڈویژن کے مطابق پاور سیکٹر اصلاحات سے طویل مدتی معاشی ترقی میں مدد متوقع ہے، نیا ٹیرف نظام توانائی بچت کے فروغ میں مددگار ہوگا۔