پٹرول کی قلت، بینک ملازم گھوڑے پر دفتر پہنچ گیا
مدھیہ پردیش: (ویب ڈیسک) بھارت میں جہاں ایک طرف پٹرول اور ڈیزل کی قلت کی خبروں نے شہریوں کو پٹرول پمپس پر قطاریں لگانے پر مجبور کیا وہیں ایک شہری نے اس افراتفری سے بچنے کیلئے انوکھا راستہ تلاش کیا۔
بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے علاقے دیواس میں پٹرول کی قلت اور پمپوں پر لگی طویل قطاروں کے باعث بینک ملازم نے اپنی موٹرسائیکل کو آرام دینے کا فیصلہ کیا اور گھوڑے پر سوار ہو کر دفتر جا پہنچا۔
نجی بینک میں کلیکشن ایجنٹ کے طور پر کام کرنے والے گوپال ٹھاکر جب گھوڑے پر سوار ہو کر دفتر پہنچے تو یہ منظر دیکھتے ہی دیکھتے ایک تماشہ بن گیا، ان کی انوکھے انداز میں دفتر جانے کی متعدد ویڈیوز سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر گردش کر رہی ہیں۔
رادھا گنج کے رہائشی گوپال ٹھاکر عام طور پر جواہر نگر برانچ میں واقع اپنے دفتر جانے کیلئے موٹرسائیکل کا استعمال کرتے ہیں، لیکن آج پٹرول پمپ یا تو ضرورت سے زیادہ بھرے ہوئے تھے یا وہاں تیل ختم ہو چکا تھا، چنانچہ انہوں نے سفر کے قابل بھروسہ ذریعے یعنی گھوڑے کا انتخاب کیا۔
تقریباً 3 کلومیٹر کا فاصلہ طے کر کے وہ وقت پر دفتر پہنچ گئے اور یوں انہوں نے ٹریفک اور غیر حاضری لگنے کے خوف دونوں کو شکست دی، ان کی اس غیر روایتی سواری نے فوری طور پر لوگوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کر لی۔
جب وہ گھوڑے پر سوار بینک کے احاطے میں داخل ہوئے تو راہگیروں نے ان کی ویڈیوز بنائیں۔