خیبرپختونخوا حکومت نے مختلف محکموں کے فنڈز روک دیئے
پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا حکومت نے کفایت شعاری مہم کے تحت محکموں کے اربوں روپے کے فنڈز عارضی طور پر روک دیئے۔
ذرائع کے مطابق حکومت نے محکموں کے سالانہ ترقیاتی منصوبوں اور جاری اخراجات کیلئے مختص 25 ارب روپے سے زائد کے فنڈز روک دیئے ہیں، محکمہ صحت، بی آر ٹی، ریسکیو سروسز اور پولیس فیصلے سے مستثنی قرار دیئے گئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے صوبائی خزانے پر کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں دباؤ نہیں پڑے گا۔
وفاقی حکومت کی جانب سے مختص واجبات بھی بروقت موصول نہ ہونے سے مشکلات بڑھنے کا خدشہ ہے، وفاقی حکومت نے گزشتہ ماہ کی اقساط کے مختص 61 ارب روپے میں صرف 17 ارب روپے ہی جاری کئے۔
ذرائع کے مطابق وفاق کے جانب سے تقریباً 40 ارب روپے کم جاری ہونے سے مشکلات پیدا ہونے کا خدشہ ہے، عارضی طور پر ترقیاتی اور جاری بجٹ روکنے سے محکموں کی کارکردگی پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔