اساتذہ اور ڈاکٹرز کی غیر حاضری کم، گڈ گورننس سے نمایاں بہتری آئی: سرفراز بگٹی
پشاور: (دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ صوبے میں بہتر مانیٹرنگ اور گڈ گورننس کے باعث تعلیم اور صحت کے شعبوں میں نمایاں بہتری آئی اور اساتذہ و ڈاکٹرز کی غیر حاضری کی شکایات ایک فیصد سے بھی کم رہ گئی ہیں۔
اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (ٹوئٹر) پر جاری پیغام میں انہوں نے کہا کہ گزشتہ تین ماہ کے دوران کھلی کچہریوں میں اساتذہ اور ڈاکٹرز کی غیر حاضری سے متعلق شکایات نہایت کم ہو گئی ہیں، جو ایک مثبت پیش رفت ہے۔
انہوں نے بتایا کہ صوبے کے 36 اضلاع میں گزشتہ 9 ماہ کے دوران 412 کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا گیا، جن میں مجموعی طور پر 3675 شکایات موصول ہوئیں۔ان شکایات میں زیادہ تر کا تعلق تعلیمی اور صحت کے اداروں کی بندش اور عملے کی غیر حاضری سے تھا۔
وزیر اعلیٰ کے مطابق رواں سال مارچ کے دوران 871 شکایات میں سے صرف 4 شکایات اساتذہ اور ڈاکٹرز کی غیر حاضری سے متعلق تھیں، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اب یہ مسئلہ بڑی حد تک حل ہو چکا ہے۔
سرفراز بگٹی نے کہا کہ غیر حاضری کے مسائل میں کمی مؤثر اور بروقت انتظامی اقدامات کا نتیجہ ہے، جس سے اداروں کی کارکردگی میں بہتری آئی ہے۔ اب کھلی کچہریوں میں عوام سروس ڈلیوری سے متعلق دیگر مسائل کی نشاندہی کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت عوامی مسائل کے حل اور سہولیات کی فراہمی کے لیے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے جبکہ صوبے میں شفافیت اور گڈ گورننس کو مزید مضبوط بنایا جا رہا ہے۔
وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے سکولوں اور ہسپتالوں کو فعال بنایا جا رہا ہے اور اس بات کو یقینی بنایا گیا ہے کہ اساتذہ سکولوں میں اور ڈاکٹرز ہسپتالوں میں اپنی ذمہ داریاں انجام دیں۔