ایران سے پاکستانیوں کی واپسی، تعداد 10 ہزار سے متجاوز

کوئٹہ: (دنیا نیوز) مشرقی وسطیٰ کی سنگین صورتحال کے باعث ایران سے پاکستانیوں کی واپسی کا سلسلہ جاری ہے۔

ترجمان ایف آئی اے محمد بہرام خان کے مطابق ایران کی صورتحال کے پیش نظر ایف آئی اے نے تفتان بارڈر پر امیگریشن اور بارڈر مینجمنٹ کے انتظامات مؤثر اور فعال رکھے ہیں۔

محمد بہرام خان کے مطابق تفتان بارڈر پر آنے والے مسافروں کو سہولیات کی فراہمی کے ساتھ مکمل سکیورٹی بھی دی جا رہی ہے، 28 فروری سےاب تک تفتان بارڈر پر 10 ہزار 619 مسافروں کی آمد ریکارڈ کی گئی۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق تفتان بارڈر پر آنے والے مسافروں میں پاکستانی شہری، طلباء، زائرین اور دیگر افراد شامل ہیں۔

محمد بہرام خان کے مطابق پاکستان واپس آنے والے مسافروں کی بڑی تعداد موجودہ علاقائی صورتحال کے باعث تفتان بارڈر پہنچی، ایف آئی اے امیگریشن عملہ تفتان بارڈر پر چوبیس گھنٹے خدمات سرانجام دے رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تمام مسافروں کی بروقت امیگریشن، کلیئرنس اور دستاویزات کی جانچ پڑتال یقینی بنائی جا رہی ہے، تفتان بارڈر پر مسافروں کو ضروری سہولیات کی فراہمی کے لیے اقدامات جاری ہیں۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ایف آئی اے کا وفاقی اور صوبائی اداروں کے ساتھ قریبی رابطہ برقرار ہے، مسافروں کی آمد و رفت کو منظم اور محفوظ بنانے کے لیے تمام متعلقہ ادارے متحرک ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں