بلوچستان ترقی کر رہا، معیاری تعلیم ہر بچے کا بنیادی حق: سرفراز بگٹی
کوئٹہ: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے جبکہ معیاری تعلیم ہر بچے کا بنیادی حق ہے۔
سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی جانب سے بلوچستان کے طلباء و طالبات کے لیے 460 سکالرشپس فراہم کی گئی ہیں، جس کے بعد مستحق اور ذہین طلبہ کے لیے اعلیٰ تعلیم کے دروازے کھل گئے ہیں۔
اعلامیے کے مطابق پنجاب ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ کے تحت سکالرشپس کے حصول کے لیے درخواستیں طلب کر لی گئی ہیں۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ پنجاب اور بلوچستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ کے ذریعے صوبے کے ذہین طلبہ کے لیے معیاری تعلیم کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں، اور یہ سکالرشپ پروگرام اعلیٰ تعلیم کے وسیع مواقع پیدا کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے، جس سے تعلیمی معیار میں نمایاں بہتری آئے گی۔
انہوں نے کہا ہے کہ ماضی میں ملک کے صفِ اول کے تعلیمی اداروں تک صرف اشرافیہ کے بچوں کی رسائی ممکن تھی، تاہم موجودہ حکومت نے عام اور کم وسائل رکھنے والے طبقات کے بچوں کے لیے بھی معیاری تعلیم کے دروازے کھول دیے ہیں۔
سرفراز بگٹی نے مزید کہا ہے کہ اب بلوچستان کے غریب اور محنت کش خاندانوں کے بچے بھی پاکستان کے ممتاز تعلیمی اداروں میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں، جو صوبے کی ترقی کا واضح ثبوت ہے۔