فوڈ نمائش میں پاکستانی مصنوعات نے بھرپور توجہ حاصل کرلی
اوٹاوا: (ویب ڈیسک) سیال کینیڈا 2026 کے تحت مونٹریال میں منعقدہ بین الاقوامی فوڈ اینڈ بیوریج نمائش میں پاکستان نے بھرپور شرکت کرتے ہوئے اپنی اعلیٰ معیار کی غذائی مصنوعات پیش کیں۔
نمائش میں قائم پاکستان پویلین میں 6 نمایاں نمائش کنندگان نے شرکت کی، جہاں ملک کی متنوع فوڈ پروڈکٹس کو اجاگر کیا گیا، اس موقع پر پاکستان کے ہائی کمشنر محمد سلیم نے پویلین کا باقاعدہ افتتاح کیا۔
افتتاحی تقریب کے دوران ہائی کمشنر کے ہمراہ قونصل جنرل فیصل ابرو اور ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ کونسلر الطمش جنجوعہ نے کینیڈین وفاقی اور صوبہ کیوبیک کی حکومت کے نمائندگان سمیت نجی شعبے کے معززین کو پاکستان پویلین کے مختلف سٹالز کا دورہ کرایا۔
تین روزہ نمائش، جو 29 اپریل سے یکم مئی 2026 تک جاری ہے، شمالی امریکا کی سب سے بڑی فوڈ انڈسٹری نمائشوں میں شمار ہوتی ہے، اس میں شرکت کے ذریعے پاکستان نے کینیڈا سمیت بین الاقوامی منڈیوں میں اپنی برآمدات بڑھانے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔
اس ایونٹ نے پاکستانی برآمد کنندگان کو عالمی خریداروں، سرمایہ کاروں اور ایگری فوڈ انڈسٹری کے اہم سٹیک ہولڈرز سے روابط بڑھانے کا مؤثر پلیٹ فارم فراہم کیا، جس سے مستقبل میں تجارتی تعاون کے نئے مواقع پیدا ہونے کی توقع ہے۔