خیبرپختونخوا: سینیٹ ضمنی انتخاب کا التوا، الیکشن کمیشن کیخلاف درخواست دائر

پشاور: (دنیا نیوز) پشاور میں سینیٹ کے ضمنی انتخاب کے التوا کے خلاف پشاور ہائیکورٹ میں الیکشن کمیشن کے خلاف درخواست دائر کر دی گئی۔

درخواست عرفان سلیم کی جانب سے جمع کرائی گئی، جو پاکستان تحریک انصاف کے نامزد امیدوار ہیں، درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سینیٹ کا ضمنی انتخاب بغیر قانونی اختیار کے ملتوی کیا۔

درخواست میں سیکرٹری الیکشن کمیشن، چیف الیکشن کمشنر اور صوبائی الیکشن کمشنر سمیت دیگر متعلقہ حکام کو فریق بنایا گیا ہے۔

مؤقف میں مزید کہا گیا ہے کہ سینیٹ کی نشست مراد سعید کی نااہلی کے بعد 25 مارچ 2026 سے خالی ہے، اس لیے آئینی تقاضوں کے مطابق بروقت انتخاب ہونا چاہیے تھا۔

درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے 21 اپریل 2026 کو جاری کردہ اعلامیے کے ذریعے ضمنی انتخاب کو غیر قانونی طور پر ملتوی کیا گیا، درخواست میں آرٹیکل 224(5) کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ خالی نشست پر 30 دن کے اندر انتخاب کرانا آئینی تقاضا ہے۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت الیکشن کمیشن کے فیصلے کو غیر قانونی قرار دے اور متعلقہ حکام کو سینیٹ کا ضمنی انتخاب فوری کرانے کا حکم دے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں