پاکستان اور زمبابوے کی ویمنز کرکٹ ٹیموں کے درمیان ون ڈے سیریز کا آغاز سے کل ہوگا

کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان اور زمبابوے کی ویمنز کرکٹ ٹیموں کے درمیان ون ڈے سیریز کا پہلا میچ پیر کو نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا، دونوں ٹیموں کی کپتانوں نے تین میچوں کی سیریز جیتنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

سیریز کا دوسرا میچ 6 مئی اور تیسرا و آخری ون ڈے 9 مئی کو شیڈول ہے، اس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان 3 میچوں پر مشتمل ٹی20 سیریز کھیلی جائے گی، جس کا آغاز 12 مئی کو ہوگا، دوسرا میچ 14 مئی اور تیسرا و آخری ٹی20 15 مئی کو کھیلا جائے گا۔

سیریز کی تیاریوں کے سلسلے میں دونوں ٹیموں نے اتوار کی شب نیشنل اسٹیڈیم میں حتمی مشقیں کیں۔ دن بھر کی شدید گرمی کے بعد شام کے وقت چلنے والی ٹھنڈی سمندری ہواؤں میں کھلاڑیوں نے بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ کی بھرپور پریکٹس کی۔

ون ڈے میچز آئی سی سی ویمنز چیمپیئن شپ 29-2025 کا حصہ ہیں۔ ون ڈے میچز کا آغاز دوپہر ساڑھے 3 بجے جبکہ ٹی20 میچز شام ساڑھے سات بجے شروع ہوں گے۔

پاکستان ویمنز ٹیم کی قیادت فاطمہ ثنا کریں گی، جبکہ اسکواڈ میں ایک غیر کیپڈ کھلاڑی مومنہ ریاض بھی شامل ہیں۔ ٹی20 سیریز کے لیے ٹیم کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

پاکستان اس وقت آئی سی سی ویمنز چیمپیئن شپ اسٹینڈنگ میں پانچویں نمبر پر ہے، تاہم تازہ ویمن ون ڈے انٹرنیشنل رینکنگ میں ایک درجہ تنزلی کے بعد وہ 7 سے 8ویں پوزیشن پر آگیا ہے۔

زمبابوے کے خلاف یہ سیریز پاکستان ویمنز ٹیم کے لیے 12 جون سے 5 جولائی تک انگلینڈ اور ویلز میں ہونے والے آئی سی سی ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ کی تیاریوں کا اہم موقع ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں