پی ایس ایل 11 کا فائنل: پشاور زلمی کا کنگز مین کیخلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ
لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) الیون کے فائنل میچ میں پشاور زلمی نے حیدر آباد کنگز مین کیخلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
قذافی سٹیڈیم میں کھیلے جارہے فائنل مقابلے میں زلمی کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر حیدر آباد کنگزمین کے کپتان مارنس لبوشین کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
ٹاس کے موقع پر بابراعظم نے کہا کہ آج کی پچ پر تھوڑی گراس لگ رہی ہے بطور ٹیم جلدازجلد کنڈیشن کو سمجھنا ہو گا، خرم شہزاد کی جگہ ناہیدرانا کو ٹیم میں شامل کیاہے، تماشائیوں کی موجودگی میں بہت اچھا محسوس ہوتا ہے۔
حیدرآباد کے کپتان مارنس لبوشین نے کہا کہ ہم نے اسلام آباد کیخلاف بہت سنسنی خیز طریقے سے میچ جیتا اب فائنل میچ کےلیے بھی پوری طرح تیار ہیں، پچ دیکھنے میں بہت اچھی لگ رہی ہے۔
پشاور زلمی دوسری بار ٹائٹل اپنے نام کرنے کے لیے پرُعزم ہے تو پہلی بار ایونٹ کھیلنے والی حیدرآباد کنگزمین چیمپئن بننے کو بے تاب ہے۔
بڑے معرکے سے پہلے رنگا رنگ اختتامی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں سابق کپتان ظہیر عباس اوروسیم اکرم پی ایس ایل ٹرافی اسٹیج پر لے کر آئے اور پھر ٹرافی ایروبکس کا مظاہرہ کرتی خاتون نے وسیم اکرم کو دی۔
تقریب میں گلوکار علی عظمت، عاطف اسلم، آئمہ بیگ ، عارف لوہار اور دیگر نے اپنی آواز کا جادو جگایا تو شائقین ان کی پرفارمنس پر جھوم اٹھے، رنگارنگ اختتامی تقریب میں آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا۔