کیف امن معاہدے پر آمادہ نہ ہوا تو روس فوجی کارروائیاں جاری رکھے گا: کریملن
ماسکو: (شاہد گھمن ) کریملن کے ترجمان دیمتری پیسکوف نے کہا ہے کہ روس یوکرین میں اپنے اہداف کے حصول کے لیے امن معاہدے کو ترجیح دیتا ہے، تاہم اگر کیف اس پر آمادہ نہ ہوا تو روس اپنی فوجی کارروائیاں جاری رکھے گا۔
روسی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں دیمتری پیسکوف نے کہا کہ ماسکو کی اولین خواہش ہے کہ یوکرین تنازع کا حل مذاکرات اور معاہدے کے ذریعے نکالا جائے، لیکن اگر یوکرینی قیادت اس کے لیے تیار نہ ہوئی تو روس اپنے مقاصد کے حصول کے لیے خصوصی فوجی آپریشن جاری رکھے گا۔
انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس بیان پر تبصرہ کیا، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ یوکرین تنازع کے حل کے لیے معاہدہ قریب ہے۔
کریملن کے مطابق صدر ٹرمپ نے 29 اپریل کو روسی صدر ولادیمیر پوتن سے ٹیلیفونک گفتگو کے دوران اس بات پر زور دیا کہ جنگ کا جلد خاتمہ ضروری ہے اور امریکا اس سلسلے میں تعاون کے لیے تیار ہے۔
روسی حکام کے مطابق ماسکو اب بھی سفارتی حل کو ترجیح دیتا ہے، تاہم زمینی حقائق کے پیش نظر تمام آپشنز کھلے رکھے گئے ہیں۔