نفرت اور تشدد کے خاتمے کیلئے مکالمے کو فروغ دینا ہوگا: احسن اقبال
نارووال:(دنیا نیوز) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ نفرت اور تشدد کے خاتمے کیلئے مکالمے کو فروغ دینا ہو گا۔
اپنے آبائی حلقے نارووال میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ 5اور 6 مئی کو نارووال پیس ڈائیلاگ کے عنوان سے انٹرنیشنل کانفرنس ہوگی،20بین الاقوامی مندوبین سمیت سابق مراکش وزیراعظم بھی آئیں گے۔
اُنہوں نے کہا کہ 6مئی 2018کو انتہا پسندی کا شکار نوجوان نے میری جان لینے کی کوشش کی، ملک میں امن کے پرچار اور انتہا پسندی کی روک تھام کیلئے نیشنل کانفرنسز کا آغاز کیا۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی کا کہنا تھا کہ نیشنل کانفرنس اس لیے ضروری ہے کہ پوری دنیا نفرت، انتہا پسندی کا شکار نظر آتی ہے، کانفرنس کا مقصد امن اور برداشت کو فروغ دینا ہے۔
احسن اقبال کا مزید کہنا تھا کہ نفرت اور تشدد کے خاتمے کیلئے مکالمے کو فروغ دینا ہوگا، ملکی ترقی کے لیے سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔