عراق کے نئے وزیراعظم علی الزیدی نے جزوی کابینہ کے ہمراہ عہدے کا حلف اٹھا لیا
بغداد: (دنیا نیوز) علی الزیدی نے جزوی کابینہ کے ہمراہ عراق کے نئے وزیراعظم کے طور پر آئینی حلف اٹھا لیا، جبکہ عراقی پارلیمان نے ان کی حکومت کو اعتماد کا ووٹ بھی دے دیا۔
عراقی خبر ایجنسی کے مطابق پارلیمان نے نئی حکومت کے 14 وزراء کی منظوری دے دی، تاہم اہم وزارتوں پر سیاسی جماعتوں کے درمیان اتفاق نہ ہونے کے باعث داخلہ اور دفاع سمیت کئی اہم قلمدان تاحال خالی ہیں۔ ان عہدوں کے لیے سیاسی مشاورت کا سلسلہ جاری ہے۔
رپورٹس کے مطابق نئی عراقی حکومت کو معاشی، سیاسی اور سکیورٹی سمیت متعدد چیلنجز کا سامنا ہے، جبکہ عوام کی جانب سے بھی نئی قیادت سے بڑی توقعات وابستہ کی جا رہی ہیں۔
دوسری جانب عباس عراقچی نے علی الزیدی کو وزیراعظم کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے نئی عراقی حکومت پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ فواد حسین کے بطور وزیر خارجہ برقرار رہنے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تہران اور بغداد کے درمیان دوستانہ اور برادرانہ تعلقات کا فروغ دونوں ممالک کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔