حکومت کا بجٹ میں ری ٹیلرز کیلئے فکسڈ ٹیکس سکیم متعارف کرانے کا فیصلہ
اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکومت نے آئندہ بجٹ میں ری ٹیلرز کیلئے فکسڈ ٹیکس سکیم متعارف کرانے کا فیصلہ کرلیا۔
ری ٹیلرز کو ٹیکس نیٹ میں لانے کیلئے پورے ملک میں نئی فکسڈ ٹیکس سکیم متعارف کرائی جائے گی، آئندہ ہفتے مذاکرات کے دوران آئی ایم ایف سے حتمی منظوری لی جائے گی، سکیم کے تحت سالانہ 20 کروڑ روپے تک کاروبار کرنے والے ری ٹیلرز کو رجسٹریشن کرانا ہو گی۔
ذرائع کے مطابق ریٹیلرز کیلئے نئی فکسڈ ٹیکس سکیم کو مکمل طور پر اردو زبان میں تیار کیا گیا ہے، فکسڈ ٹیکس سکیم کے تحت 20 کروڑ روپے تک ٹرن اوور پر ایک فیصد ٹیکس ادا کرنا ہو گا، ریٹیلرز کیلئے دکان کا سائز یا ایریا شامل کرنے کی تجویز اس بار شامل نہیں کی جائے گی۔
ایف بی آر کے ذرائع کا کہنا ہے کہ سکیم کے تحت 30 لاکھ ریٹیلرز کو ٹیکس نیٹ میں رجسٹرڈ کیا جائے گا، ابتدائی طور پر زیادہ رجسٹریشن کیلئے آئندہ بجٹ میں کم تعداد میں اہداف اور ٹیکس مقرر کیا جائے گا۔