ایرانی سپیکر باقر قالیباف کی محسن نقوی سے ملاقات، پاکستان کے تعاون کو سراہا
تہران: (دنیا نیوز) ایرانی پارلیمنٹ کے سپیکر محمد باقر قالیباف اور پاکستان کے وزیر داخلہ محسن نقوی کے درمیان ملاقات ہوئی، جس میں دوطرفہ تعلقات، خطے کی صورتحال اور باہمی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایرانی میڈیا کے مطابق باقر قالیباف نے حالیہ جنگ کے دوران پاکستان کی جانب سے تعاون اور حمایت کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی، ثقافتی اور دیگر شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ واقعات سے ظاہر ہوتا ہے کہ خطے میں امریکی موجودگی سکیورٹی کے فقدان کی ایک بڑی وجہ ہے اور اس سے علاقائی استحکام متاثر ہوتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خطے کے ممالک کو سیاسی اور سکیورٹی تعاون کے فروغ کے لیے مشترکہ راستہ اختیار کرنا چاہیے۔
اس موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ اسلام آباد مذاکرات کے دوران ایران کے مفادات کے تحفظ اور مسائل کے حل کے لیے باقر قالیباف کی کوششوں کے گواہ ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایران اور پاکستان کے عوام پہلے سے زیادہ قریب ہو چکے ہیں اور پاکستانی عوام ایرانی حکومت اور عوام کی کامیابی کے لیے دعاگو ہیں۔