ریاست کو اقلیتوں سمیت سب کو حقوق دینا ہوں گے: مولانا فضل الرحمان

کراچی :(دنیا نیوز) سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ریاست کو اقلیتوں سمیت سب کو حقوق دینا ہوں گے۔

شہر قائد میں اقلیتوں کے تحفظ اور آزادی کے حوالے سے تقریب میں خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ملک میں اِس بدامنی کا ریاست کو امن کے لیے مربوط اور قابل اعتماد پالیسی کے مطابق حل نکالنا ہوگا۔

اُنہوں نے کہا کہ اقلیتوں سمیت سب کو حقوق دینے ہوں گے، یہاں سب مذاہب اور قومیتوں کے لوگ جمع ہیں، ہمارا دین انسانیت اور امن کا پیغام دیتا ہے،جے یوآئی سب کو ساتھ لے کر چلتی یے، ہم  نے منارٹی ونگ بنایا یے۔

سربراہ جے یو آئی کا کہنا تھا کہ ہم اقلیتوں کے تحفظ اور حقوق کے لیے بات کرتے ہیں، بھٹو کے دور میں حکومت تعلیمی اداروں کو سرکاری تحویل میں لے رہی تھی اُس وقت سرحد میں میرے والد وزیراعلیٰ تھے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ منع کردیا کہ کوئی منیارٹی تعلیمی ادارہ اقلیتوں کی مرضی کے بغیر سرکاری تحویل میں نہیں لیا جائے گا، ہم اپنے اکابرین کی دی گئی تربیت کے مطابق اقلیتوں کے حقوق اور تحفظ کی بات کرتے ہیں، امن انسانی حقوق کے تحفظ کی علامت ہے۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ اگر جان و مال عزت و آبرو اور مال محفوظ ہے تو امن ہو گا، ریاست اگر امن قائم کرے گی تو عوام محفوظ ہوگی، اِس وقت سندھ سمیت تمام صوبوں میں بد امنی ہے ۔کے پی کے اور بلوچستان میں حالات بہت خراب ہیں، ہم امن چاہتے ہیں، ہم حالات کی بہتری چاہتے ہیں جس کے لیے ریاست کو قیامِ امن کے لیے مربوط اور قابل اعتماد پالیسی کے مطابق حل نکالنا ہوگا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں