اسحاق ڈار اور مصری وزیر خارجہ میں رابطہ، خطے کی صورتحال اور سفارتی تعاون پر تبادلہ خیال

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور مصر کے وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ سے متعلق امور پر بات چیت کی، مصری وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن اور استحکام کے قیام کے لیے مخلصانہ کوششیں کر رہا ہے۔

دونوں رہنماؤں نے پاکستان، سعودی عرب، ترکیہ اور مصر کے وزرائے خارجہ پر مشتمل علاقائی مشاورتی فورم سے متعلق معاملات کا بھی جائزہ لیا، اس کے علاوہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے متعلق امور اور وسیع تر کثیرالجہتی سفارتی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

مصری وزیر خارجہ نے امریکہ کی تحویل میں لیے گئے جہازوں پر سوار 20 ایرانی اور 11 پاکستانی ملاحوں کی وطن واپسی کے لیے پاکستان کی جانب سے کی گئی کامیاب انسانی ہمدردی پر مبنی سہولت کاری کو سراہا۔

گفتگو کے اختتام پر دونوں فریقین نے علاقائی اور عالمی پیش رفت پر قریبی رابطے اور مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا، جبکہ بدر عبدالعاطی نے اسحاق ڈار کو مصر کے دورے کی دعوت کا بھی اعادہ کیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں