یوکرینی فوج کے ایک دن میں 1100 سے زائد اہلکار ہلاک، روسی وزارت دفاع کا دعویٰ
ماسکو: (شاہد گھمن ) روسی وزارت دفاع نے دعویٰ کیا ہے کہ یوکرین میں جاری خصوصی فوجی آپریشن کے دوران گزشتہ 24 گھنٹوں میں یوکرینی افواج کے 1100 سے زائد اہلکار ہلاک ہوئے ہیں۔
روسی وزارت دفاع کے مطابق مختلف محاذوں پر کارروائیوں کے دوران یوکرینی فوج کو بھاری جانی نقصان اٹھانا پڑا۔
بیان کے مطابق ’بیٹل گروپ نارتھ‘ کے محاذ پر یوکرین کے تقریباً 155 فوجی مارے گئے، جبکہ ’بیٹل گروپ ویسٹ‘ کے علاقے میں 180 سے زائد اہلکار ہلاک ہوئے۔
اسی طرح ’بیٹل گروپ ساؤتھ‘ کی کارروائیوں میں 160 سے زائد جبکہ “بیٹل گروپ سینٹر” کے محاذ پر 280 سے زیادہ یوکرینی فوجی ہلاک ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
روسی وزارت دفاع کے مطابق ’بیٹل گروپ ایسٹ‘ کے علاقے میں یوکرینی فوج کے 285 سے زائد اہلکار مارے گئے، جبکہ “دنیپر گروپ” کے محاذ پر 55 تک فوجیوں کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔
روسی وزارت دفاع نے مزید کہا کہ روسی فضائیہ، میزائل فورسز، توپ خانے اور حملہ آور ڈرونز نے یوکرین کے ڈرون اسمبلی مراکز اور غیر ملکی جنگجوؤں سمیت یوکرینی افواج کے عارضی اڈوں کو نشانہ بنایا۔
بیان کے مطابق روسی فورسز نے 164 مختلف علاقوں میں اہداف پر حملے کیے، جن میں یوکرینی ڈرونز کی تیاری اور تعیناتی سے متعلق تنصیبات بھی شامل تھیں۔