کراچی پولیس کا انمول عرف پنکی کی حفاظت کیلئے سخت سکیورٹی پلان نافذ
کراچی:(دنیا نیوز)کوکین کوئین انمول عرف پنکی کی حفاظت کے لیے سخت سکیورٹی پلان نافذ کردیا گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق ایک ایس پی، 2 ایس ڈی پی اوز، 3 ایس ایچ اوز سمیت 40 سے زائد اہلکار جس میں لیڈی اہلکا بھی شامل، تعینات کیے گئے ہیں جو ملزمہ کی کڑی نگرانی کے ساتھ دو شفٹوں میں ڈیوٹیاں دیں گے۔
حکام کا کہنا تھا کہ لاک اپ، اطراف اور داخلی و خارجی راستوں کی مسلسل سی سی ٹی وی مانیٹرنگ جاری ہے، سکیورٹی خدشات کے پیش نظر لاک اپ کے اطراف چھتوں پر سنائپرز تعینات ہیں جب کہ بغدادی تھانے کے داخلی و خارجی راستوں پر اضافی پولیس نفری تعینات کی گئی۔
اِسی طرح ملزمہ کو فراہم کیا جانے والا کھانا بھی مکمل چیکنگ کے بعد دینے کی ہدایت کی ہے، بجلی کی بندش سے نمٹنے کے لیے بیک اپ جنریٹر ہر وقت فعال رکھنے کا حکم دیا گیا اورایس پی لیاری کو عدالت منتقلی آپریشن کی نگرانی سونپ دی گئی۔
ایس ڈی پی او بغدادی کو سکیورٹی آپریشن کی کمانڈ دے دی گئی، ایس ایچ او بغدادی، رسالہ اور گارڈن کو گراؤنڈ انچارج مقرر کر دیا گیا،کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے فوری رسپانس ٹیمیں الرٹ ہوں گی، پولیس اہلکاروں کو مشکوک سرگرمی فوری رپورٹ کرنے کی ہدایات جاری کی گئیں۔
پولیس حکام نے مزید بتایا کہ ملزمہ انمول عرف پنکی تک صرف مجاز افراد کو رسائی دینے کا فیصلہ کیا گیا، عدالت اور لاک اپ کے اطراف غیر متعلقہ افراد کی آمدورفت محدود کردی گئی، حساس صورتحال کے پیش نظر غیرمعمولی سکیورٹی انتظامات کیے گئے، ملزمہ کو عدالت لے کر آنے اور جانے کے لیے خصوصی سکواڈ تشکیل دے دیا گیا۔