’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کا بیجنگ میں شاندار پریمیئر، پاکستانی سینما کیلئے تاریخی پیش رفت
بیجنگ: (دنیا نیوز) پاکستانی بلاک بسٹر فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کا چینی زبان میں بیجنگ میں شاندار پریمیئر منعقد کیا گیا، جسے پاکستان اور چین کے درمیان فلمی و ثقافتی تعاون میں ایک اہم اور تاریخی سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔
فلم کو 21 مئی 2026 سے چین بھر کے سینما گھروں میں باضابطہ طور پر ریلیز کیا جائے گا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی نے کہا کہ یہ فلم چینی ناظرین کو پاکستانی سینما کے منفرد انداز، رنگوں اور متحرک ثقافت سے روشناس کرانے میں اہم کردار ادا کرے گی، انہوں نے کہا کہ یہ اقدام دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔
فلم کی چین میں ریلیز جون 2024 میں پاکستان کی وزارتِ اطلاعات و نشریات اور چائنہ فلم ایڈمنسٹریشن کے درمیان دستخط کیے گئے فلم کو-پروڈکشن معاہدے کے تحت ممکن ہوئی ہے، اس معاہدے کا مقصد دونوں ممالک کے فلم سازوں کے درمیان مشترکہ پروڈکشنز اور تخلیقی تعاون کو فروغ دینا ہے۔
ماہرین کے مطابق چینی مارکیٹ میں پاکستانی فلم کی نمائش نہ صرف پاکستانی فلم انڈسٹری کے لیے ایک بڑی کامیابی ہے بلکہ یہ دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی روابط کے نئے امکانات بھی پیدا کرے گی۔